ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل، 2 ملزمان کو پولیس نے ایک سال بعد گرفتار کر لیا
مظفرگڑھ،کوٹ ادو، قصبہ گجرات،سنانواں، عالیوالا(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،تحصیل رپورٹر، نمائندہ پاکستان، خبرنگار،نامہ نگار)موٹر سائیکل ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص کو (بقیہ نمبر7صفحہ7پر)
قتل اور اسکے بیٹے کو زخمی کرنے والے 2 ملزمان کو پولیس نے ایک سال بعد گرفتار کرلیا۔.مظفرگڑھ کے تھانہ سٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی طاہر اعجاز اور ایس ایچ او افتخار ملکانی کا کہنا تھا کہ یکم دسمبر 2023 کو محلہ روشن آباد کے رہائشی مزدور محمد صدیق کھوکھر نے بیٹے فہد کی فرمائش پر اپنی تمام جمع پونجی خرچ کرکے موٹر سائیکل خریدی۔ اگلے روز 2 دسمبر 2023 کو دونوں باپ بیٹا بازار سے سودا سلف خرید کرکے واپس گھر جارہے تھے کہ اس دوران دو ڈاکوؤں نے ان سے نئی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی،اس دوران باپ بیٹے نے ڈکیتی میں مزاحمت کی تو ڈاکوں نے فائرنگ کرکے صدیق کھوکھر کو قتل اور اسکے بیٹے فہد کو شدید زخمی کردیا۔واقعے کی تحقیقات کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا جن میں تصور اقبال کبیروالا ضلع خانیوال اور زین علی حامد پور ملتان کا رہائشی ہے،مقتول شہری کی موٹر سائیکل بھی ملزمان سے برآمد کرلی گئی ہے۔اندھے قتل کو ٹریس کرنے پر مقتول کے اہلخانہ نے ڈی ایس پی سٹی طاہر اعجاز اور ایس ایچ او تھانہ سٹی افتخار ملکانی کا شکریہ ادا کیا۔