پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے قومی ایئر لائن کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی وزیر نجکاری علیم خان کو خط لکھا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت پی آئی اے کی نیلامی کے عمل میں حصہ لینا چاہتی ہے، پی آئی اے قومی ائیر لائن ہے، نہیں چاہتے بیرونی یا نجی ہاتھوں میں جائے،نجی کمپنی کی 10 ارب روپے کے اوپر سے نیلامی شروع کرنےکیلئے تیار ہیں، وفاقی حکومت ہماری درخواست قبول کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزپی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی ہوا،کنسورشیم نے پی آئی اے کیلئے بولی کی رقم بڑھانےسے معذرت کر لی، کنسورشیم کا کہنا ہے ہمارے مطابق بولی کیلئےیہی بہترین قیمت ہے ،اگر حکومت پی آئی اے کی اس قیمت پر نجکاری نہیں کرتی تو خود چلائے۔کنسورشیم نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے 10ارب روپے کی بولی لگائی تھی،بلیو ورلڈ کنسورشیم کی جانب سے سنگل بڈ جمع کرائی گئی تھی۔بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کے علاوہ کسی اور گروپ نے کاغذات جمع نہیں کرائے،وفاقی کابینہ سے پی آئی اے کی ریزرو پرائس کی منظوری سرکولیشن سے حاصل کی جائے گی۔
واضح رہے حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کم از کم قیمت 85ارب 30 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔