جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ پرفارمنس دونگا، خرم منظور

جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ پرفارمنس دونگا، خرم منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے ایمرجنگ اوپننگ بلے باز خرم منظور نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کو ہدف بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلوا کر اپنی جگہ مستقل کریں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان سیریز رواں ماہ شیڈول ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ورلڈ کلاس ٹیم ہے اس کے خلاف کھیل کر مجھے اپنی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ تجربہ بھی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا باﺅلنگ اٹیک بہت مضبوط ہے لیکن وہ اس چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں اور وہ پروٹیز کے خلاف سیریز کھیلنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، سلیکٹرز نے موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں شکست پر بے حد مایوسی ہوئی تاہم وہ ماضی کا حصہ بن چکی ہے اور اب سب کھلاڑیوں کی توجہ مستقبل میں ہونے والی سیریز پر مرکوز ہے، ہم نے غلطیوں سے سیکھا ہے اور اب انہیں دوبارہ نہیں دوہرائیں گے۔
 ان کا کہنا ہے کہ خود کو کامیاب انٹرنیشنل کھلاڑی کے طور پر منوانا ہدف ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے وہ سخت محنت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ٹیم سے نظر انداز کئے جانے پر کبھی مایوس نہیں ہوا کیونکہ مجھے اپنی قابلیت کا پتا ہے اور ہمیشہ قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کا یقین رہتا تھا۔