تعمیر و توسیع کے ذریعے محکمہ آبپاشی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے،، یاور زمان
لاہور(خبر نگار) صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ ترقیاتی اصلاحات اور تعمیر و توسیع کے ذریعے محکمہ آبپاشی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنا یا جارہاہے تا کہ یہ محکمہ کسانوں کی زیادہ مستعدی سے خدمت کر سکے۔انہوں نے کہا کہ نہروں کی پختگی سے ٹیلوں تک پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے کسانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نہری اثاثہ جات عوام کی ملکیت ہیں اور نہری انتظام و انصرام میں کسانوں کو شامل کرنے کا مقصد سروس ڈیلیوری میں بہتری لانا ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع اوکاڑہ میں لوئر باری دوآب کینال امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت چک ون ایل ، ٹو ایل ، فور ایل اور ون آر راجباہوں کی لائننگ کے منصوبہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرکسانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ محکمہ آبپاشی و پیڈا کے افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کی تعمیر نو کاکام تیزی سے جاری ہے اور ایک مربوط حکمت عملی کے تحت صوبہ بھر کی نہروں کو مرحلہ وار پختہ کیا جا رہا ہے تا کہ نہری پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر کسانوں کی جانب سے پانی چوری میں ملوث پائے جانے کی شکایات پر صوبائی وزیر نے فور ایل راجباہ کے سب انجینئر انور منہاس کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔