مسلم لیگ(ق) کی بوری بند لاشیں ملنے کے خلاف تحریک اسمبلی میں جمع
لاہور (سپیشل رپورٹر)مسلم لیگ (ق)پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی طرف سے لاہور میں بوری بند لاشیں ملنے کے واقعات پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروائی گئی ہے ، ق لیگ کے اراکین اسمبلی عامر سلطان چیمہ ، سردار وقاص حسن موکل اور باسمہ ریاض چوہدری نے تحریک میں کہا ہے کہ گزشتہ 9 ماہ میں لاہور میں 19 بوری بند لاشیں ملیں اندھے قتل کی وارداتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے پولیس ملنے والی لاشوں پر تحقیق کرنے کی بجائے یا ورثاءکی آمد سے قبل ہی نامعلوم قرار دیکر دفنا دیتی ہے جس کی وجہ سے اس سنگین جرم کی شرح بڑھتی چلی جارہی ہے شہری عدم تحفظ کے احساس سے دو چار ہیں ، (ق )لیگ کے اراکین اسمبلی نے صوبہ میں لاءاینڈ آرڈر کی دن بدن خراب ہوتی ہوئی صورت حال پر اسمبل کا اجلاس بلانے اور بحث کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔