پٹرول ، بجلی کی خود ساختہ قیمتوں میں اضافہ نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا، میاں نصیر
لاہور( سپیشل رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی خود ساختہ قیمتوں میں اضافے نے پاکستان کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے ‘ پوری دنیا میں ڈالر کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے بچانے کے لئے آئی ایم ایف کی ہدایت پر روپے کو مستحکم کیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے صدر میاں نصیر احمد ‘ ملک اشفاق چلیانہ اور چودھری ریاض احمد ایڈووکیٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے الیکشن میں وعدہ کیا تھا کہ وہ غیر ترقیاتی اخراجات کم کریں گے اور عوام کو ریلیف دیں گے جبکہ (ن) لیگ کی حکومت نے تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات جی ایس ٹی اور دیگر چیزوں میں اضافہ کرکے غریب اور محنت کش عوام سے آخری نوالہ چھننے کی کوشش ہو رہی ہے پوری دنیا میں تیل کی قیمتں کم ہو رہی ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید ٹیکس لگائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے شاہانہ اخراجات کو پورا کرنے کے لئے تین ماہ کی مدت میں سابقہ حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور نوٹ چھاپ کر حکومت چلائی جا رہی ہے جس سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر حکومت نے ایسا کیا تو پیپلز پارٹی بھرپور احتجاج کرے گی ۔