سٹیٹ بینک نے پانچ لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دیدی
لاہور(کامرس رپورٹر)سٹیٹ بنک نے پانچ لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے دی اور اس کا سرکلر جاری کر دیا گیا ۔سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ اڑھائی لاکھ ٹن چینی 31اکتوبر2013ءتک اور باقی اڑھائی لاکھ ٹن چینی یکم نومبر 2013ءتک ایکسپورٹ کی جا سکے گی اس سلسلے میں سٹیٹ بنک نے ایکسپورٹرز سے درخواستیں طلب کر لی ہیں اور کہا ہے کہ پہلے آﺅ اور پہلے پاﺅ کی پالیسی کے تحت ایکسپورٹرز کو کوٹہ دیا جائے گا۔سٹیٹ بنک نے شوگر ملز مالکان پر شرط عائد کی ہے کہ وہ پہلے اپنے 1ارب70کروڑ روپے کے گنے کے واجبات کاشتکاروں کو ادا کریں اور اس کا ریکارڈ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کو پیش کریں اس کے بعد انہیں چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔سرکلر میں مزید بتایا گیا کہ ایکسپورٹرز کے لئے لازمی ہے کہ وہ لیٹر آف کریڈٹ کھولیں گے اور 25فیصد رقم بطور زر ضمانت جمع کرائیں گے اگر وہ 45دن کے اندر مطلوبہ چینی کی شپمنٹ نہ بھجوا سکیں گے تو ان کا زر ضمانت حکومت ضبط کر لے گی۔سرکلر میں شوگر ملز مالکان پر یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ وہ گنے کا نیا کرشنگ سیزن مقررہ وقت پر شروع کریں گی۔سندھ کی شوگر ملیں یکم نومبر اور پنجاب کی شوگر ملیں 15نومبر 2013ءتک گنے کی کرشنگ لازمی شروع کریں گی ورنہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دریں اثناءپاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے سٹیٹ بنک کی جانب سے پانچ لاکھ ٹن چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت کے فیصلے کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ سے شوگر ملیں مالی مشکلات سے باہر آ جائیں گی۔ آئندہ گنے کا کرشنگ سیزن وقت پر شروع ہو گا اور کاشتکاروں کو بروقت گنے کی خریداری کی ادائیگیاں ہو جائیں گی۔