مقابلے کے امتحان میں عمر کی حد میں رعایت نہ دینے کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظوری
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے سرکاری ملازمین کی طرح عام شہریوں کو بھی مقابلے کے امتحان میں عمر کی حد میں 5سال رعایت دینے کےلئے دائر درخواست باقاعدہ سماعت کےلئے منظور کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف پی ایس سی سے 3اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے ۔درخواست گزار رائے عنصر علی وغیرہ 10امیدواروں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں مقابلے کے امتحان میں شرکت کر رہے ہیں ۔لیکن انہیں عمر میں رعایت نہیں دی جا رہی ۔حالانکہ سرکاری ملازمین کو عمر کی حد میں5سال رعایت دی جاتی ہے چنانچہ عام شہریوں کو بھی عمر کی حد میں 5 سال کی رعایت دی جائے ۔کیونکہ یہ انکے ساتھ امتیازی سلوک ہے ۔اس ضمن میں گزشتہ روز سرکاری وکیل کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ اس معاملے میں حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کو عمر کی حد میں5سال کی رعایت دی جاتی ہے جبکہ عام شہریوں کو 2سال کی رعایت دی جاتی ہے ۔علاوہ ازیں ایف پی ایس سی ایک خود مختار ادارہ ہے ¾جسے اپنے قواعدو ضوابط ہیں جبکہ حکومت کا اس ادارے پر کوئی اختیار نہیں ۔جس پر فاضل عدالت نے ڈائریکٹر ایف پی ایس سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے ۔
سماعت منظور