بنگالی عدالت نے ایک اور قومی لیڈر کو موت کی سزا سنا دی
ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی عدالت نے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما صلاح الدین قادر چوہدری کو سزائے موت سنا دی ہے۔ حکومت کی جانب سے قائم جنگی جرائم کے خصوصی ٹربیونل میں صلاح الدین چوہدری کے خلاف پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر سیکڑوں نہتے شہریوں کو تشدد کے بعد قتل کرنے اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے الزامات زیر سماعت تھے ، سماعت کے بعد خصوصی ٹریبونل نے انہیں 1971 ءمیں سقوط ڈھاکہ کے دوران تشدد، جنسی زیادتی اور نسل کشی جیسے جرائم کا مرتکب قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ 64 سالہ صلاح الدین قادر چوہدری بنگلہ دیش کی ساتویں ایسی سیاسی شخصیت ہیں جنہیں اس ٹربیونل نے جنگی جرائم کے مبینہ ارتکاب پر سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے، سزائے موت سنائے جانے والے دیگر افراد کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔