سول عدالت کا ناظر29لاکھ ہڑپ کرگیا،ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت خارج کردی

سول عدالت کا ناظر29لاکھ ہڑپ کرگیا،ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت خارج کردی
سول عدالت کا ناظر29لاکھ ہڑپ کرگیا،ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت خارج کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سول عدالت سیالکوٹ میں 29لاکھ روپے کے گھپلے میں ملوث ملزم سول ناظر اللہ رکھاکی درخواست ضمانت خارج کر دی،مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود نے ملزم اللہ رکھا کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن پولیس سیالکوٹ نے ملزم کے خلاف 29اپریل کو بطور سول ناظر سیالکوٹ سول عدالت میں 29لاکھ روپے سے زائد کے گھپلے کرنے کے الزام کے تحت جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کر کے ملزم اللہ رکھا کو گرفتار کر رکھا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ 7ماہ کی تاخیر سے درج کیا ، پولیس نے ملزم کو بغیر تفتیش کے غیر قانونی طور پر گرفتار کر رکھا ہے لہٰذا ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل طارق جاوید نے عدالت کو بتایا کہ سینئر سول جج نے اکتوبر 2014ءمیں کو ریکارڈچیک کیا تو اس میں مقدمات کے لئے سائلین کی جانب سے جمع کروائی گئی رقوم میں 29لاکھ روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا جبکہ ملزم نے رجسٹر میں درج رقوم کو کاٹ کر دوبارہ لکھا ہوا تھا ، انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم نے 21لاکھ 50ہزار روپے کی رقم بغیر اختیار کے ایک وکیل کے کھاتے میں ڈال رکھی تھی، ملزم نے مذکورہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی بجائے ایک وکیل کو دے دی ، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے گھپلے کی مد میں حاصل کی گئی 7لاکھ روپے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی ہے مگر ملزم کی جانب سے وکیل کو دی گئی ساڑھے اکیس لاکھ روپے کی رقم تاحال ریکور نہیں ہو سکی لہٰذا ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد درخواست ضمانت خارج کر دی۔

مزید :

لاہور -