برین ڈین کا باعث بننے والے مسائل پر قابو پایاجائے: لاہورچیمبر

برین ڈین کا باعث بننے والے مسائل پر قابو پایاجائے: لاہورچیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ ملک میں ہنرمند افرادی قوت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود افرادی قوت کے لیے مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ روزگار اور تجارت کے مواقع پیدا کرنے ہونگے تاکہ یہ دوسرے ممالک میں جاکر خدمات سرانجام دینے کے بجائے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہی کام کرسکیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بالخصوص 1990کے بعد سے برین ڈرین میں کافی اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک ہے کیونکہ ترقی پذیر ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان قیمتی ہنرمند افرادی قوت سے محرومی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نجی شعبے کی مدد سے ان مسائل پر قابو پانا چاہیے جو برین ڈرین کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر جانے کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں میں سے کم از کم آدھے دوبارہ ملک میں واپس نہیں آنا چاہتے جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برین ڈرین روکنے کے لیے حکومت لوگوں کو روزگار کے زیادہ بہتر مواقع مہیا کرے، میرٹ کو ترجیح دے،اور صلاحیتوں کی بناء پر تنخواہوں میں اضافہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر زور دیا کہ وہ برین ڈرین کو روکنے کے لیے موثر پروگرامز کا اجراء بھی کرے تاکہ اس اہم مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔

مزید : کامرس