پاکستان معاشی لحاظ سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے،مرزا خادم جرال

پاکستان معاشی لحاظ سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے،مرزا خادم جرال

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان معاشی لحاظ سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے اور حکومتی وزراء ملکی معاملات سے بے خبر اپنی اپنی صفائیاں پیش کر نے میں مصروف ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کشمیر انٹرنیشنل افیئرز کمیٹی کے شریک چیئر مین مرزاخادم حسین جرال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کا مشہور زمانہ کیس ہے، جبکہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور وزیر داخلہ احسن اقبال اقامہ زدہ ہیں ۔ ملک کی اس قدر معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اپنے اور اپنے خاندان کے اثاثوں میں غیر حقیقی اضافہ کی بنیاد پر نیب میں پیشیاں بھگتنا پڑ رہی ہیں۔ پاکستان کا نظام عدم توجہی کی وجہ سے مزید دگرگوں ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ اسحا ق ڈار نے جو فارمولا اپنے اثاثے بڑھانے کے لیے استعمال کیا وہ بطور با اختیار وزیر خزانہ پاکستان کے معاشی حالات بہتر کرنے کے لیے کیوں استعمال نہ کیا ۔ پاکستان کو دیگر ممالک میں عالمی سطح پر اس بات کی بھی ہزیمت اٹھانی پڑ رہی ہے کہ پاکستانی وزیر خزانہ نیب کی عدالت میں ملزم کی حیثیت سے کٹہرے میں کھڑا پایا جاتا ہے۔ اس پر طرہ یہ کہ وزیرخزانہ ملکی معاملات کے لیے کب وقت نکالتے ہوں گے، جبکہ انھیں اپنے خلاف جاری مقدمات میں سارا وقت وکلاء سے مشاورت ، کاغذات اکھٹے کرنے اور پیشیاں بھگتنے میں صرف کرناہوتاہے ۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ اسحاق ڈار پاکستان پر رحم کریں اور وزارت سے مستعفی ہوں اور ان کی جگہ کسی ماہر معاشیات کو یہ ذمہ داریا ں سونپی جائیں تاکہ بگڑتے حالات کو سنبھالا جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1