بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی،میاں مقصود

بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی،میاں مقصود

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ ملک میں مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔آئے روز اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔لوگوں کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔اوگرا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پٹرول2روپے36پیسے اورڈیزل2روپے20پیسے فی لیٹر مہنگاکرنے کی سفارش عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ حکومت اور اس کے ماتحت ادارے عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے باعث غریب عوام کاروح اور جسم کا رشتہ برقراررکھنامشکل ہوگیا ہے۔گرانفروشی کی وجہ سے غریب طبقہ بدترین استحصال کاشکارہے۔چینی،آٹے،چاول اور دالوں کے نرخوں کو ذخیرہ اندوزوں،سرکاری اہلکاروں اور دوکانداروں کے گٹھ جوڑ نے عوام کی پہنچ سے دورکردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سبزیوں اور پھلوں کے نرخ نامے تو منڈیوں میں آویزاں ہوتے ہیں مگرمقررکردہ قیمتوں سے ڈبل قیمت پر اشیاء خوردونوش فروخت کی جاتی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1