محرم الحرام ظالم کے خلافڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،مراد راس
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ظالم حکمرانوں کے آگے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے پوری قوم کرپٹ حکمرانوں کے خلاف کھڑی ہو جائے جب تک ملک پر کرپٹ مافیا براجمان ہے ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو محرم الحرام میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ فرقہ واریت ہمارے لیے زہر قاتل ہے۔ اس کا مقابلہ اتحاد سے کیا جاسکتا ہے۔ معاشرے میں بھائی چارے ، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔عیدہو یا کوئی بھی خوشی یا غم کا تہوار حتیٰ کہ ہرسال عاشورہ کے موقع پر بھی نہ صرف ملک کے بیرونی دشمن، بلکہ اندرون ملک بھی انتہاپسند عناصر مذہب اور فرقے کانام استعمال کرکے ذاتی مفادات اور ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لئے گھناؤنے مقاصد کے تحت تفرقہ بازی کو ہوا دے کردہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے دنیابھر میں اسلام اور پاکستان کا تشخص مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔