یذید کے نظام کا اسلام کے ساتھ بالکل کوئی تعلق نہیں،صائمہ شبیر
لاہور(لیڈی رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے کہا ہے کہ دین اسلام کی بقاء کیلئے جگر گوشہ ء بتول ؑ نے کربلا کی گرم ریت پر بھوکے پیاسے وہ جنگ لڑی جسے انسانی تاریخ کا سب سے بڑا معرکہ قرار دیا جاسکتا ہے ۔ 14سو سال قبل رونما ہونے والے واقعہ کربلا کے اثرات آج بھی موجود ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صائمہ شبیر نے کہا کہ یزید جس نظام کو نافذ کرناچاہتا تھا اس کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ شہید کربلا کی جنگ حق کیلئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ اسلام نے کربلا میں باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ۔ امام عالی مقام اور ان کے رفقاء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔ واقعہ کربلا سے سبق ملتا ہے کہ انسان سچ پر قائم رہے اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ ء رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا اہل بیت اور جانثاروں کی قربانی پیش کرکے رہتی دنیا تک پیغام دیا ہے کہ حق کیلئے کھڑے ہونے کیلئے تعداد یا طاقت کی نہیں بلکہ ایمان کی ضرورت ہوتی ہے ‘ محرم الحرام شہداء کربلا کی ان بیش قیمت قربانیوں کو یاد کرنے کا مہینہ ہے جنہوں نے مصائب اور مشکلات کے باوجود حق کا ساتھ نہیں چھوڑا اور باطل کی اطاعت قبول نہیں کی ۔