واقعہ کربلا حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کا درس دیتا ہے، پرویز خٹک

واقعہ کربلا حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کا درس دیتا ہے، پرویز خٹک

پشاور(آن لائن) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک معرکہ تھا جس میں نواسہ رسول ؐ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک زندہ رہے گی۔ کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی، حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ عاشورہ محرم کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ امام عالی مقام نے ظالم و جابر حکمران یزید اور اسکی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ اسی پیغام انسانیت و جدوجہد کو روز آخرت تک زندہ رکھنے کیلئے سیدنا امام حسینؓ نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں ۔ وقت آچکا ہے کہ غلبہ اسلام اور استحکام پاکستان کے لیے ہمیں ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم ،نا انصافی اورکرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔پرویز خٹک نے اہل وطن سے اپیل کی کہ اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے ۔

مزید : علاقائی