پی ٹی آئی میں قائد حز ب اختلاف کے درجن سے زائد امیدوار ہیں ‘ سعد رفیق

پی ٹی آئی میں قائد حز ب اختلاف کے درجن سے زائد امیدوار ہیں ‘ سعد رفیق

لاہور(این این آئی)وفاقی وزیرریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں قائد حز ب اختلاف کے عہدے کے درجن سے زائد امیدوار ہیں،وزارت عظمیٰ کیلئے یقینی طور پر میرا تھن ہو گی ،دعوے سے کہتا ہوں کہ عمران خان کی سیاسی چالوں کا بطور جماعت مسلم لیگ (ن) کو قطعاًکوئی نقصان نہیں البتہ مہرے کاکردار ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ ایک انٹر ویو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے ہی مقابلے کی دوڑ سے باہر ہے، عمران خان بھی اپنی جماعت کا خود ہی ستیا ناس کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی والے میدان میں رہیں تاکہ انہیں عام انتخابات میں اپنی سوشل میڈیا مقبولیت کا اندازہ ہو سکے ۔ پی ٹی آئی نے ساڑھے چار سال میں اپوزیشن کی بجائے ملک کے خلاف سازشی جماعت کا کردار ادا کیا ہے ۔ ہم تو آج تک منتظر ہیں کہ پی ٹی آئی ملک اور عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرے لیکن انہیں سازشوں سے ہی فرصت نہیں ۔ انتخابات میں قوم پوچھے گی آپ کی ملک کیلئے کیا خدمات ہیں ، خیبر پختوانخواہ میں چائے کے کپ میں چھلکتی گڈ گورننس کا بھی احتساب ہوگا۔ پی ٹی آئی کی قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کیلئے شروع کی جانے والی تحریک اپنے گھر میں ہی ناکام ہو گئی ، اس عہدے کے لئے درجن سے زائد امیدوار سامنے آ چکے ہیں میں یہ سوچ رہا ہوں کہ وزارت عظمیٰ کیلئے تو یقینی طور پر میرا تھن ہو گی ۔

سعد رفیق

مزید : صفحہ آخر