فرانس میں پاکستانی میلے کا دوسرا کامیاب ایڈیشن پیرس میں اختتام پذیرہوگیا

فرانس میں پاکستانی میلے کا دوسرا کامیاب ایڈیشن پیرس میں اختتام پذیرہوگیا
فرانس میں پاکستانی میلے کا دوسرا کامیاب ایڈیشن پیرس میں اختتام پذیرہوگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پیرس(  ایاز محمود ایاز )پیرس کے مضافات میں منعقد کیئے جانے والے پاکستانی میلے کا دوسرا کامیاب ایڈیشن فرانس میں اختتام پذیر ہوگیا۔ میلے میں وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان کی دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی خصوصی مہم کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت، دستکاریوں اور میلے میں آئے ہوئے مہمانوں کی روائیتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ میلے کا افتتاح  معین الحق سفیر پاکستان، فرانسیسی پارلیمنٹ کے رکن  فرانسکوس پپونی اور سارسل ٹاؤن کی میئر  عینی پروننٹ نے مشترکہ طور پر کیا۔

 اس میلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول مقامی فرانسیسی عہدیداروں، مختلف ممالک کے سفیروں، فرانسیسی سول سوسائٹی کے افراد، صحافیوں اور فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔سفیر پاکستان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میلے کی انتظامیہ کو فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کاؤشوں اور پاکستانی ثقافت و لوک ورثہ کو فرانسیسی عوام کیلئے شاندار انداز سے پیش کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کا وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے پاکستان میں موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر ملک میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے شروع کی جانے والی مہم میں دل کھول کر عطیہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ خاص طور پر عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار   ابرار الحق کا بھی شکریہ ادا کیا جو خاص طور پر پاکستان سے تشریف لائے تھے جنہوں نے میلے کے شرکاء کو اپنے گیتوں اور صوفیانہ موسیقی سے لطف اندوز کیا اور فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ڈیمز کی تعمیر کیلئے عطیہ دینے پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔پاکستان فرانس دوستی گروپ کے کنوینیئر سینیٹر فیصل جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے اور اس قومی مقصد کیلئے پاکستانی کمیونٹی کو آمادہ کرتےرہے  ے۔فرانسیسی پارلیمنٹ کے رکن   فرانسکوس پپونی اور سارسل ٹاؤن کی میئر   عینی پیروننت نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ایک محنت کش، پرامن، دوستی پسند قوم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس میں اس میلے کے انعقاد سے فرانسیسی عوام کو فرانس میں نہ صرف ایک چھوٹا پاکستان دیکھنے کا موقع ملا بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ پروگرام میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے قائداعظم اور آزادی کے دوسرے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ٹیبلوز اور تقریریں کیں جبکہ تقریباً سو سے زائد پاکستانی مصنوعات، دستکاریوں اور روائتی کھانوں کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔