غلام حید وائیں کو پاکستان،قائداعظمؒ اور مسلم لیگ سے عشق تھا،میاں محبوب احمد
لاہور (لیڈی رپورٹر) غلام حید وائیں کو پاکستان،قائداعظمؒ اور مسلم لیگ سے عشق تھا۔ وہ سچے پاکستانی اور پکے مسلم لیگی تھے۔ انہوں نے سیاست کو مخلوق خدا کی خدمت کا ذریعہ بنایااور ہمیشہ جمہوری اقدارکی سربلندی کی خاطر آواز بلند کی ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ممتاز مسلم لیگی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں شہید کی 27ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا۔ نشست کا اہتمام نظریہئ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہدرشید نے اداکیے۔چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ غلام حیدر وائیں ایک عظیم انسان تھے اور انہوں نے احترامِ انسانیت کا درس دیا۔ وہ مشکل سے مشکل وقت میں بھی مرد کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے اور حق بات کہی۔۔ مرحوم کی بیوہ اور سرپرست نظریہئ پاکستان ٹرسٹ بیگم مجیدہ وائیں نے بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کہا کہ غلام حیدر وائیں کو قائداعظمؒ سے بڑی محبت تھی۔ وہ بابائے قوم کے سچے پیروکار اور ہروقت تحریک آزادی کے جذبوں سے سرشار رہتے تھے۔وائس چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ غلام حیدر وائیں سچے عاشق رسولؐ تھے۔ انہوں نے سادہ اور مثالی زندگی بسر کی اور روپے پیسے کو کبھی کوئی اہمیت نہ دی، ممتاز صحافی ودانشور خوشنود علی خان۔ صدر نظریہئ پاکستان فورم میاں چنوں ڈاکٹر غزالہ وائیں،سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد اسلم زار ایڈووکیٹ،جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب رانا محمد ارشد،مسلم لیگی رہنما بیگم صفیہ اسحاق نے بھی خطاب کیا