تمام سرکاری دفاترکوڈ یجیٹلا ئز کر رہے ہیں، ضیاء اللہ بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ صوبے کے تمام سرکاری دفاتر کو ڈیجیٹل خیبرپختونخوا وژن کے مطابق ڈیجیٹلائز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کیلئے ای گورننس، پیپرلیس انوائرمنٹ منصوبہ اس سال جنوری کے مہینے سے شروع کردیاگیا تھا اور جنوری 2021 تک دفاترکے تمام نظام کو ڈیجیٹلائز کردیا جائے گا۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ پہلے مرحلے میں ایک دفترکے اندر تمام کمیونیکیشن پیپرلیس اورکمپیوٹرائزڈ بنانے کے بعد دوسرے مرحلے میں سرکاری دفاتر کے سمری نظام کو ڈیجیٹلائز کیاجائے۔ وہ ای گورننس پیپرلیس منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سیکرٹری سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی مختیار احمد، قائم مقام ایم ڈی۔ عاصم جمشید اور آئی ٹی بورڈ کے دیگرحکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ دفاتر کے امور ڈیجیٹلائز ہونے سے کام آسان ہوجائیگا۔ فیصلوں میں وقت کم لگے گا۔ فیصلے میرٹ پر ہوں گے اور ہر کسی کو ڈیجیٹل سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت دفاترمیں کام کرنے والے ملازمین کو تربیت بھی فراہم کی جائیگی جو کہ تربیت لینے کے بعد اسی سسٹم کو چلائیں گے۔ مشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ دفاتر میں نظام کمپیوٹرائزڈ ہونے سے ہر ملازم جواب دہ ہوگا کہ وہ بروقت اپنا کام کریں، جس سے عوم کے مسائل بروقت حل ہوں گے اور ڈیجیٹل نظام کے تحت مانیٹرنگ کا عمل بھی انتہائی آسان ہوگا۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان کے وژن کے مطابق صوبے میں ڈیجیٹل ریفارمز متعارف کرائی جارہی ہے اور دیگر کئی اہم منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور صوبے کے عوام کو سہولیات بھی میسرہوں گی.