فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر تین فلور ملز کے لائسنس اور کوٹہ معطل

فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر تین فلور ملز کے لائسنس اور کوٹہ معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر)محکمہ خوراک نے فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر تین فلور ملز کا لائسنس اور کوٹہ معطل کردیا۔ وزیراعلی کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلی حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں کے دورے کئے اور آٹے کی ترسیل کا معائنہ کیا۔ محکمہ خوراک نے فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تین فلور ملوں کے لائسنس اور کوٹوں کو معطل کردیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ محکمہ خوراک کے افسران شہریوں کو سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف اوقات میں فلور ملوں کے دورے کر رہے ہیں جبکہ محکمہ خوراک کے اعلی حکام آٹے کی بلا تعطل ترسیل کی از خود نگرانی کر رہے ہیں جہاں بھی پالیسی کی خلاف ورزی کی شکایت ملے تو ان کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں انہوں نے فلور ملز مالکان اور آٹا ڈیلرز کو خبردار کیا کہ وہ حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے کاروبار کو مکمل طور پر بند کردیا جائیگا۔