ترقیاتی منصوبوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، ڈاکٹر امجد علی 

ترقیاتی منصوبوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، ڈاکٹر امجد علی 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے وزیر ہاؤسنگ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے یونین کونسل غالیگے میں لنک روڈ کا افتتاح کردیا۔ لنک روڈ کی افتتاحی تقریب میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ صوبے میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے، اور ترقیاتی منصوبوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے سوات موٹر وے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیاہے۔  ان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل غالیگے کو اس سے قبل ترقیاتی کاموں میں نظر انداز کیا گیا تھا، یہی وجہ ہے کہ وہ اس علاقے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں بہتر ہوتے انفراسٹرکچر سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا، اور پسماندہ علاقوں کی معاشی و معاشرتی ترقی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی بہتر پالیسز کے باعث کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پورے اسلامی دنیا میں ایک رول  ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے، اورمسلم برادری انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عالمی فورمز پر دین اسلام کی اہمیت اور خاتم النبین حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سیرت کے حوالے سے بات کرتے ہیں۔ جسکی وجہ سے ان کی مقبولیت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ وزیر ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا  کی قیادت میں صوبائی حکومت نئے ضم شدہ اضلاع اور دیگر پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دئے ہوئے ہے، تاکہ تمام اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -