صنعتکاروں اور تاجروں کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں، شیر باز بلور
پشاور(سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر شیر باز بلور نے صوبہ کی بزنس کمیونٹی کے مفادات کے مکمل تحفظ کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صنعتکاروں اور تاجروں کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور انشا اللہ تعالی بزنس مین فورم کی لیڈر شپ اور بزنس کمیونٹی کو مایوس نہیں کریں گے۔ بزنس کمیونٹی ٹیکسوں میں اضافے کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ بزنس فرینڈلی ٹیکس پالیسیاں اپنانی ہوں گی۔وفاقی اور صوبائی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات اور سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس ری فنڈز کے حصول کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودور کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب سرحد چیمبر کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں عہدہ صدارت سنبھالنے کے موقع پر بزنس کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر غضنفر بلور سرحد چیمبر کے سبکدوش ہونیوالے صدر انجینئر مقصود انور پرویز سبکدوش ہونیوالے سینئر نائب صدر شاہد حسین سبکدوش ہونیوالے نائب صدر عبدالجلیل جان نو منتخب سینئر نائب صدر انجینئر منظور الہی نو منتخب نائب صدر جنید الطاف الیکشن کمیشن کے ممبران ملک نیاز احمد ضیا الحق سرحدی فیض رسولسرحد چیمبر کے سابق صدور اورسرحد چیمبر کے نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سمیت صنعتکاروں اور تاجر تنظیموں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت بزنس مین فورم کے اراکین اور کاروباری افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سرحد چیمبر کے نو منتخب صدر شیر باز بلور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صنعتکاروں تاجروں اور دکانداروں کو کورونا وبا کے باعث لاک ڈان اور نامساعد حالات میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کورونالاک ڈاندہشت گردی اور انتہا پسندی سے متاثرہ تاجر برادری کو ہر ممکن ریلیف دلانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجروں اور صنعتکاروں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ان کی مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی معیشت کے استحکام کے لئے تمام چیمبرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ باہمی تجارت کا فروغ بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اور افغانستان حکومتوں کی سطح پر مسائل اجاگر کرکے ان کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شیر باز بلور نے کہاکہ بزنس مین فورم اور کاروباری طبقے نے انہیں بلا مقابلہ صدر منتخب کرکے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترتے ہوئے انہیں مایوس نہیں کروں گا۔ انہوں نے ایک سالہ دور صدارت میں اپنے لئے رکھے گئے اہداف سرحد چیمبر کے اراکین کے سامنے پیش کئے اور یقین ظاہر کیا کہ وہ انہیں حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ سرحد چیمبر کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونیوالے صدرانجینئر مقصود انور پرویز نے بھی خطاب کیا اور ایک سالہ دور صدارت کے دوران چیمبر کی سطح پر ہونیوالی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین فورم کے لیڈرسینیٹر الیاس احمد بلور نے نو منتخب صدر شیر بازبلور کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ بزنس مین فورم کاروباری طبقے کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتا ہے اور اسی جذبے کے تحت آئندہ بھی انہیں ہر ممکن ریلیف دلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر شیرباز بلور بزنس کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انشا اللہ تعالی وہ کاروباری طبقے کی مشکلات کے حل کیلئے اپنا موثر کردا ر ادا کریں گے۔ انہوں نے سبکدوش ہونیوالے صدر انجینئر مقصود انور پرویز کی بزنس کمیونٹی کے لئے خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے بڑے اچھے انداز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کئے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نو منتخب کابینہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے۔