حکومت ٹمبر مافیا سے قدر ے طاقتور ہے، شفیق شیر آفریدی 

حکومت ٹمبر مافیا سے قدر ے طاقتور ہے، شفیق شیر آفریدی 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کے سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات کے چیئرمین شفیق شیر آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت ٹمبر مافیا سے طاقتور ہے اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں ماحولیات کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی محمد ادریس، سردار اورنگزیب نلوٹا اور متعلقہ محکموں کے افسران کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شفیق آفریدی نے کہا کہ جنگلات کی کٹائی اور ماحول کی آلودگی، سیاحتی مقامات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے شکایات پر سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اور سرکاری مشینری کی بہتر حکمت عملی سے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور ماحولیات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر گلیات میں سوختنی لکڑی رعایتی قیمت پر عوام کو فراہم کرنے کے بارے میں بھی تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔سردار اورنگزیب نلوٹا نے اس موقع پر اجلاس کو بتایا کہ صوبہ پنجاب کے طرز پر صوبہ خیبر پختونخوا میں رعایتی نرخ پر سوختنی لکڑی فراہم کرنے سے قیمتی لکڑی کو برباد ہونے سے بچایا جاسکے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ گلیات کے عوام  شدید سردی کی وجہ سے قیمتی لکڑی جلانے پر مجبور ہوتے ہیں اگر انہیں متبادل سہولت فراہم کی گئی تو وہ قیمتی لکڑی جلانا بند کر دینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -