نوجوانوں کی بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، عارف احمد زئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کے لیے سکلز ڈویلپمنٹ، بلا سود قرضہ سکیم، احساس سکالرشپ پروگرام سمیت کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ ملکی ترقی میں نوجوان اپنا صحیح کردار ادا کر سکیں۔ مذکورہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ میں طلباء وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔مینا خان آفریدی کی قیادت میں طلباء وفد سے معاون خصوصی عارف احمدزئی نے گفتگو کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وفاقی و صوبائی حکومت نوجوانوں کی اہمیت سے باخبر ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں نوجوانوں کا کردار واضح ہے۔ ہم نے قومی و صوبائی اسمبلی میں نوجوانوں کے لیے سیٹیں دیں جبکہ بلدیاتی الیکشن نظام میں بھی نوجوانوں کے لیے سیٹس مختص کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل سے باخبر ہیں اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں نوجوانوں کے مسائل بروقت حل کئے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں آئے طلباء رہنماؤں شہزاد خان، کامران خان حلیمزئی، علامہ اقبال، انعام اور فہد نے معاون خصوصی عارف احمدزئی کی عوام دوست رویے کی تعریف کی اور طلباء کی جانب سے حکومتی ترقیاتی اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔معاون خصوصی عارف احمدزئی نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تنقید برداشت کرنے کی ہمت رکھتی ہے لہٰذا جہاں کہیں بھی عوامی امور میں کوتاہی نظر آئے فورا متعلقہ عوامی نمائندوں کے علم میں اسے لائیں تاکہ رشوت، کرپشن اقربا پروری اور دیگر حامیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔