شہید مولانا سمیع الحق کے مشن اور نظریہ سے محبت حقانیت کی دلیل ہے، حامد الحق 

شہید مولانا سمیع الحق کے مشن اور نظریہ سے محبت حقانیت کی دلیل ہے، حامد الحق 

  

پبی (نما ئندہ پاکستان)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے امیر اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے علما طلبا اور عوام الناس کا مولانا سمیع الحق شہید کے مشن اور نظریہ سے محبت حقانیت کی دلیل ہے،جمعیت اس ملک کی بقاء اوراستحکام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس اکوڑہ خٹک میں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے اہم رکن مولانا قاری نعیم اللہ کی جمعیت علمائے اسلام (س)میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان مولانا سید یوسف شاہ اور کوئٹہ کے ضلعی امیر مولانا ندا محمد حقانی اور دیگر علماء  موجود تھے، قاری نعیم اللہ نے مولانا حامد الحق حقانی کو یقین دلایا کہ وہ جمعیت علماء  اسلام میں کسی لالچ کے بغیر دین کی سربلندی اور اعلاء  کلمۃ اللہ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے جمعیت نظریاتی کے سینکڑوں علما اور کارکنوں کے جذبات اور جمعیت (س) سے وابستگی سے آگاہ کیا، مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ قاری نعیم اللہ کی جمعیت میں شمولیت خوش آئند ہے، انہوں نے کہاکہ دنیا نے دیکھ لیا کہ مولانا سمیع الحق شہید کا نظریہ جیت گیا،اور مسلمان دشمن قوتوں کا نظریہ ہار گیا،انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت بہت سے مسائل کا شکار ہے تمام سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے کے بجائے ملک کی سالمیت کی فکرکریں، مولانا حامد الحق نے نیب کی غیرمنصفانہ رویہ کی شدید مذمت کی،انہوں نے حکومت کی کارکرگی کومایوس کن قرار دے کر عوامی مسائل،مشکلات،بیروزگاری اور مہنگائی پر تمام تر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ اسی مہینہ کے آخر میں کراچی اور بلوچستان کا تفصیلی دورہ کروں گا اورمولانا سمیع الحق شہید کی یاد میں منعقدہ کانفرنسوں اورشمولیتی جلسوں میں شرکت کروں گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -