کورونا سے مزید 5افراد جاں بحق،747نئے کیسز سامنے آگئے 

    کورونا سے مزید 5افراد جاں بحق،747نئے کیسز سامنے آگئے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر)  ملک بھر میں  کورونا وائرس سے مزید  5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 479 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 263 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 747 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 31 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 96 ہزار 881 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 467 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 479 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنڑول سینٹر کے اجلاس میں کراچی میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز سے آگاہ کیا گیا۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں پورے ملک سے تشخیص ہونے والے 747 کیسز میں سے 365 کا تعلق کراچی سے ہے۔ اس صورت حال میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے متاثرین کی فوری تشخیص، رسائی  اور صحت سے متعلق ضابطوں کا اطلاق یقینی بنانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاون کی ضرورت پر زور دیا۔سیکریٹری صحت سندھ نے این سی او سی کو بتایا کہ انتظامیہ مرض کے پھیلاو کی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے۔ وائرس کے پھیلاو کو دیکھتے ہوئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کورونا کے کیسز کے پیش نظر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈان کے نفاذ کے لیے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو خط لکھ دیا ہے۔خط میں  کورونا کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد اور خاص طور پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون (ایم ایس ایل ڈی)کے نفاذ کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر تعلیم سندھ نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا، سعید غنی نے ڈی جے سائنس کالج میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور ماسک نہ پہننے پر عملے کی سرزنش کی۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی روزانہ کی بنیاد پر مختلف سکولوں کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کھارادر کے سکول کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات دے دیئے۔ سعید غنی نے مختلف نجی سکولز میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈی جی پرائیویٹ سکول کو فوری طور پر چھوٹے نجی سکولز کے دورے اور وہاں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کی۔  وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس  کے نئے کیسز سامنے آنے کی شرح میں بدستور اضافہ  ہورہا ہے۔ ڈی ایچ او آفس اسلام آباد کی رپورٹ کے گذشتہ روز اسلام آباد میں کورونا کے مزید 62 نئے کیسز سامنے آگئے۔ کورونا کے نئے کیسز میں 32 مرد اور 30 خواتین شامل ہیں۔
کورونا

مزید :

صفحہ اول -