کراچی، مبینہ مقابلے میں کالعدم القاعدہ کا دہشتگرد مار ا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ہاکس بے روڈ پر حساس ادارے اور سی ٹی ڈی سے مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم القاعدہ برصغیر کا مطلوب دہشت گرد سعید عرف لوہا عرف حاجی صاحب عرف تورا بوراہلاک ہوگیا۔ دہشت گرد سے ایک ایک کلو وزنی دیسی ساختہ2 بم ملے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا،انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کراچی میں رینجرز کی چیک پوسٹ اور پولیس تھانوں پر کریکر حملوں کے علاوہ پولیس اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر حساس ادارے اور سی ٹی ڈی نے ماڑی پور میں ہاکس بے روڈ پر کارروائی کی۔ اس دوران مبینہ مقابلے میں انتہائی مطلوب مبینہ دہشتگرد سعید لوہا شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ، بیگ اور جیکٹ ملی جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ جیکٹ سے دو دیسی ساختہ بم ملے جن میں ایک ایک کلوگرام ہائی ایکسپلوزیو موجود تھا۔ دہشتگرد سے ملنے والے اسلحے کو فارنزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انچارج سی ٹی ڈی مظہرمشوانی نے میڈیا کو بتایا کہ سعید عرف لوہا عرف حاجی صاحب عرف تورا بورا کالعدم دہشت گرد تنظیم کا خطرناک دہشت گرد تھا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم سے2بم بھی برآمد ہوئے جسے ناکارہ بنادیا گیا اس کے علاوہ 40گولیاں بھی برآمد کی گئیں، 2016میں ساتھیوں کے مارے جانے پر ملزم افغانستان فرار ہوگیا تھا۔مظہرمشوانی نے انکشاف کیا کہ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق سعید لوہا کی ٹیم ڈرون حملوں کی تیاری کررہی تھی، دہشت گرد کو افغانستان سے کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے بھیجا گیا تھا۔انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق اس مقصد کیلئے دہشت گرد کو گروہ تشکیل دے کر دہشت گردی کی کارروائیوں کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ہلاک دہشت گرد 2014میں القاعدہ برصغیر میں شامل ہوا، ہلاک دہشتگرد نے رینجرز چیک پوسٹ،تھانوں پر کریکرحملے کیے۔پولیس حکام کے مطابق سعید عرف لوہا نے مبینہ ٹاؤن تھانے پر بم حملہ کیا، ناظم آباد نمبر7پل کے نیچے رینجرز چیک پوسٹ پر بوتل بم سے حملہ کیا گیا تھا،اس کے علاوہ کورنگی کراسنگ رینجرز چیک پوسٹ پر بھی بم سے حملہ کیا گیا۔مظہر مشوانی نے بتایا کہ ملزم نے گجر نالہ رینجرز چیک پوسٹ پر بم حملہ کیا، لالو کھیت صرافہ بازار پل پر پولیس اہلکار زاہد حسین کو شہید کیا، عوامی کالونی کورنگی میں 3افراد کو قتل کیا۔انہوں نے بتایا کہ سعید لوہا 2014 میں القاعدہ برِصغیر میں شامل ہوا۔2016 میں گڈاپ میں سی ٹی ڈی سے مقابلے میں دہشت گرد کے 2 اہم ساتھی مارے گئے تھے، جس کے بعد دہشت گرد اپنے ساتھی اسلام الدین، شکیل برمی اور دیگر کے ساتھ افغانستان فرار ہوگیا تھا۔