بااختیار شہری حکومت ہی تمام مسائل کا حل ہے: حافظ نعیم الرحمن 

    بااختیار شہری حکومت ہی تمام مسائل کا حل ہے: حافظ نعیم الرحمن 

  

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت ہی تمام مسائل کا حل ہے اس کے لیے سندھ حکومت کا موجودہ بلدیاتی ایکٹ منسوخ کیا جائے، کوٹہ سسٹم ختم کرکے کراچی کے شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی جائیں۔جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کیے گئے ”اعلان کراچی“ کے مطالبات کے حوالے سے ہونے والے عوامی ریفرنڈم کے لیے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، 14اکتوبر کو پورے ملک میں ”یوم یکجہتی قحقوق کراچی“بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس کے لیے عوامی رابطے بھی کیے جارہے ہیں اور ایک باختیار الیکشن کمیشن ریفرنڈم کے تمام مراحل کی نگرانی اور نتائج کا اعلان کرے گا وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو بھاگنے کا موقع فراہم کررہی ہے لیکن ہم عوامی دباؤ کے ذریعے سے ہی کے الیکٹرک سمیت تمام مسائل حل کرائیں گے۔کراچی میں از سر نو مردم شماری کی جائے، صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مردم شماری کی بات کرتی ہے لیکن ہم سوال کرتے ہیں کہ انہوں نے 2017 سے اب تک مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری کروانے کے لیے کیا کوششیں کیں؟ ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں عظیم الشان ”حقوق کراچی مارچ“ کی شاندار کامیابی کے بعدکے الیکٹرک کے خلاف جدو جہد سمیت ”حقوق کراچی تحریک“ کے آئندہ کے مراحل کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اسامہ رضی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے چیئرمین عمران شاہد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ ہم تمام چینلز کے پورٹرز کی ٹیم کیمرہ مین حضرات کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ”حقوق کراچی مارچ“کی کوریج کی اور میڈیا ہاؤس کے ذمہ داران کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے مارچ کو بھرپور کوریج دی۔حافظ نعیم الرحمن نے 27ستمبر کو حقوق کراچی مارچ میں خواتین سمیت لاکھوں کی تعداد میں اہل کراچی کی شرکت پر ان سے بھی اظہار تشکر کیا ور کامیاب مارچ کے انعقاد پر جماعت اسلامی کے تمام مردو خواتین کارکنان و ذمہ داران اور مارچ کے منتظمین کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حقوق کراچی تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی نے حقوق کراچی مارچ میں عوام کو یکجا کیا، عوام کے اتحاد و یکجہتی سے مسائل ضرور حل ہوں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -