موٹروے واقعہ ، محکمہ پولیس نے سیکیورٹی کیلئے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر نفری تعینات کرنے سے انکار کر دیا ، حیران کن خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے محکمہ پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سیکیورٹی کیلئے اہلکاروں کی تعیناتی سے معذرت کر لی ہے ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ موٹروے پر پولیس کی نفری تعینات کا معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہا تھا تاہم اب پولیس نے اہلکاروں کی تعیناتی سے معذرت کرتے ہوئے مراسلہ آئی جی پنجاب انعام غنی کو بھجوا دیاہے ۔مراسلے میں کہا گیاہے کہ پولیس کو پہلے ہی نفری کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث وہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر نفری تعینات نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر گاڑی کا پٹرول ختم ہونے کے بعد ڈکیتی کے دوران خاتون کے ساتھ بچوں کے سامنے نہایت ہی قبیح اور مجرمانہ فعل انجام دیا گیا تھا جس کا ایک ملزم شفقت تو پولیس نے گرفتار کر لیاہے تاہم دوسرے مجرم عابد ملہی کی تلاش جاری ہے اور وہ 21 دن گزرنے کے باوجود بھی اب تک گرفتار نہیں ہو سکا ہے ۔
اس واقعہ کے بعد آئی جی پنجاب نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر موٹروے پولیس تعینات ہونے تک سیکیورٹی کے معاملات اپنے ذمے لینے کا اعلان کرتے ہوئے نفری تعینات کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اب محکمہ پولیس کی جانب سے اس پر معذرت کر لی گئی ہے ۔