نیشنل ٹی 20 ، بلوچستان فرسٹ الیون کا سندھ فرسٹ الیون کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے سندھ کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 180 رنز بنائے۔ بسم اللہ خان 42 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں امام الحق 10، اویس ضیاء25، عمران بٹ 18، حارث سہیل 25، عمران فرحت 9، عماد بٹ 5، عمید آصف 3، اسامہ میر 10 اور یاسر شاہ 2 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
سندھ کی جانب سے فاسٹ باﺅلر محمد حسنین سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 35 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سہیل خان، انور علی اور محمد اصغر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ سندھ فرسٹ الیون کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق، خرم منظور، سہیل خان، انور علی، شرجیل خان، سعود شکیل، محمد اصغر، حسن خان، اعظم خان اور محمد حسنین شامل ہیں۔
بلوچستان فرسٹ الیون کی قیادت حارث سہیل کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، اویس ضیائ، بسم اللہ خان، عمران بٹ، عمران فرحت، عماد بٹ، یاسر شاہ، اسامہ میر، عمید آصف اور عاکف جاوید شامل ہیں۔