زیادتی کیسز کے مجرمان کو عبرتناک سزائیں دیں گے:وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنسی زیادتی کرنے والے مجرمان کو عبرتناک سزائیں دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماءنیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنسی زیادتی کرنے والے مجرمان کو عبرتناک سزائیں دیں گے، بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کے لیے بھی نیا قانون لارہے ہیں، جس میں سخت سے سخت سزائیں دی جائیں گی، ایسے گھناﺅنے کام کرنے والے سوچیں ان بچوں ، بچیوں کے اوپر اور ان کے گھروالوں پر کیا گزرتی ہوگی،وہ کیسے زندگی گزارتے ہوں گے،ایسے مجرمان کوہم عبرتناک سزائیں دیں گے تاکہ ایسے جرائم کا خاتمہ ہوسکے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ملک میں فحاشی پھیلنے کی وجہ سے ایسے واقعات بڑھتے ہیں،ہمارے ملک میں بھارت کے ڈرامے اور فلمیں دیکھنے سے فحاشی پھیل رہی تھی ،اس لیے ان پر پابندی لگائی اور ترک صدر طیب اردوان کو کہہ کر ارتگل غازی ڈرامہ کو پاکستان لے کرآئے،اس میں توکوئی فحاشی نہیں لیکن پھر بھی ریٹنگ کے ریکارڈتوڑ دیئے۔ہمارے ملک میں خاندانی سسٹم ہے جس کی وجہ سے ہم بچے ہوئے ، مغرب میں اس کے الٹ ہے ،لیکن وہاں سوشل سسٹم بہت مضبوط ہے ،اگر لڑکی اکیلی ہوتی ہے تو اس کو حکومت پیسے دیتی ہے ۔ بھارت نے بھی ہالی وڈ کی نقل کی تو آج ان کی فلم انڈسٹری بھی فحاشی کی نذر ہوگئی، اس لیے بھارت میں ریپ کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہمارا ایک خاندانی اور اسلامی نظام ہے ۔