بھارت نے ہمیشہ خطے میں بگاڑ پیدا کیا ، مستحکم افغانستان خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہے ، معید یوسف کا روسی ٹی وی کو انٹرویو
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ خطے میں بگاڑ پیدا کیا ، بھارت نے فیک نیوز کا استعمال کرتے ہوئے وادی پنجشیر پر جھوٹا بیانیہ چلایا ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعطم کے مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان طالبان کی جانب سے بات نہیں کر رہا ، صرف خطے میں امن و استحکام کیلئے بات کر رہے ہیں ، مستحکم افغانستان خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہے اس لئے ہم صرف ایک مستحکم اور پر امن افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں ،پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان کا سیاسی حل ہونا چاہئے ۔
معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں روس، پاکستان اور چین مثبت اور فعال کردار ادا کر سکتے ہیں ، ہم ماضی میں پچاس لاکھ سے زائد مہاجرین کی میزبانی کر چکے ہیں ۔