سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے حکومت کا اقوام متحدہ سے مزید 60کروڑ ڈالر امداد مانگنے کا فیصلہ

سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے حکومت کا اقوام متحدہ سے مزید 60کروڑ ڈالر امداد ...
سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے حکومت کا اقوام متحدہ سے مزید 60کروڑ ڈالر امداد مانگنے کا فیصلہ

  

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ سے مزید 60 کروڑ ڈالر امداد کی درخواست کا فیصلہ کیا ہے، اقوام متحدہ سے انسانی ہمدردی کی اپیل شروع کرنے کے تحت امداد مانگی جائے گی۔

نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز "نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزارت اقتصادی امور اقوام متحدہ سے 60 کروڑ ڈالر امداد کے لیے درخواست کرے گی،  یہ رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو خوراک، پناہ گاہ، طبی سہولیات کیلئے استعمال کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 اکتوبر تک سیلاب پر تیار حتمی رپورٹس بھی اقوام متحدہ کو دی جائیں گی، اقوام متحدہ کو متاثرہ علاقوں میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

 وزارت اقتصادی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ 16 کروڑ ڈالر امداد فراہم کر چکا ہے اور یہ رقم موصول ہونے کی صورت میں اقوام متحدہ سے ملنے والی امدادی رقم 76 کروڑ ڈالر ہو جائے گی۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -