مستونگ،ہنگو دھماکے ، سعودیہ  ایران، چین، کویت، مصر اور  امریکہ کا پاکستان سے اظہار یکجہتی

   مستونگ،ہنگو دھماکے ، سعودیہ  ایران، چین، کویت، مصر اور  امریکہ کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قاہرہ/واشنگٹن/ریاض،تہران،بیجنگ(نیوز ایجنسیاں)سعودی عرب، ایران، مصر، کویت اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام شہری بلاخوف وخطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔سعودی عرب نے دہشت گرد حملوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔کویت کی وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ کویت بے گناہ لوگوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔مصر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں پاکستان میں عیدمیلاالنبیﷺ کے موقع پر دہشت گرد حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ادھرایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو تہران سے جاری اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنا ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام اپنے پیغام میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے حکومت اور پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں معصوم لوگ شہید اور زخمی ہوئے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے لڑنے کے لیے پاکستان سے تعاون کو تیار ہیں۔ادھرچینی صدر شی جن پھنگ نے پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں پر صدرعارف علوی کو ہمدردی کا پیغام بھیجا۔ہفتہ کے روز چا ئنہ میڈ یا گروپ کے مطا بق اپنے پیغام میں چینی صدر نے چینی حکومت اور عوام کی طرف سے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لئے گہرے دکھ اور ان کے اہل خانہ اور زخمیوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ چین کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور ملک کے استحکام اور سلامتی کے لئے پاکستان کی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا رہےگا۔ چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ اور وزیر خارجہ وانگ ای نے بھی اپنے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام ہمدردی کے پیغامات بھیجے۔

اظہار یکجہتی

مزید :

صفحہ اول -