فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے محمد ی اخلاقیات اپنانا ہونگی ، طاہر القادری
لاہور(نمائندہ خصوصی )منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ40ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرتوں کے خاتمے کے لئے محمدی اخلاقیات اپنانا ہوں گی۔ معاشی، معاشرتی بحرانوں نے اخلاقی بحران اور رویوں میں بگاڑ کی شکل اختیار کر لی ہے اس بگاڑ کی اصلاح کے لئے سیرتِ طیبہ کے ہر گوشے کو اپنی زندگیوں پر عملاً نافذ کیا جائے۔ بگاڑ کے اس ماحول میں ہر فرد کو داعی بننا ہو گا ۔ عالمی میلاد کانفرنس سے جامع الازہر مصر یونیورسٹی کے سابق چانسلر اور ممبر پارلیمنٹ مصر پروفیسر ڈاکٹر اسامہ محمد حسن العبد، پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر اللبان، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، سید آغا جواد نقوی، جسٹس (ر) محمد نذیر غازی، خرم نواز گنڈاپور، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مفتی زبیر فہیم، مولانا محمد خان لغاری، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، سید حسنین رضا شاہ، پیر سید شاہ شہزاد ظفر، علامہ پیر ضیاءالحق نقشبندی، پیر سید لطف اللہ شاہ، پیر سید صفدر حسین گیلانی نے اظہار خیال کیا۔ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے رواں سال منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے شائع ہونے والی ک_±تب کا تعارف پیش کیا اور اعلان کیا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تالیف کردہ 60 جلدوں پر مشتمل انسائیکلو پیڈیا آف سنہ کی مقدمہ پر مشتمل پہلی 8 جلدوں کی تقریب رونمائی آج ایوان اقبال لاہور میں ہوگی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے عربی زبان میں خطاب کیا اور عرب شیوخ کو پاکستان آمد اور عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔ 40ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہوئی جس میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد ولادت پاک کے جشن میں شریک تھی، بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ قومی و بین الاقوامی قراءحضرات نے خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن مجید پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوانوں، سمیع بلالی برادران، ظہیر بلالی براداران، خرم شہزاد برادران، شکیل طاہر، معروف آرٹسٹ ھنی البیلہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ قاری سید خالد حمید کاظمی نے عربی نشید پیش کی۔ دعائے خیر سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے کروائی۔
طاہر القادری