پنجاب یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ
لاہور(لیڈی رپورٹر)وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی زیر صدارت پنجاب یونیورسٹی کے انتظامی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام انتظامی عہدیداران نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے چارماہ میں ڈیجیٹلائزیشن کا ٹاسک دے دیا۔انہوں نے مولانا شوکت علی روڈ پر کمرشل سرگرمیوں کے آغاز کے لئے قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے زمین کے تجارتی استعمال کے لئے متعلقہ محکموں سے این او سی لینے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے بجلی کے بلوں میں کمی کے لئے 2.5 میگاواٹ کے سولر پراجیکٹ پر فوری کام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ پنجاب یونیورسٹی رہائشی کالونی کے مکینوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف پہنچانے کے لئے سسٹم میں تبدیلی پر کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کالونی میں اساتذہ و ملازمین کو بجلی کے اضافی بلوں سے بچائیں گے۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کا پہلی مرتبہ سٹریٹجک پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک پلان نہ ہونے کے باعث یونیورسٹی انتظامی و مالی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے انتظامی امور کی بہتری کے لئے کیمپس مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر میں بہتری کے لئے مختلف عملی اقدامات کی ہدایات دیں۔اجلاس میں متعلقہ انتظامی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ کوئی طالبعلم قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے تو بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں لڑائی جھگڑے کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ پولیسنگ اورانتظامی معاملات میں مداخلت سے متعلق زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہ کریں۔