ہست و نیست انسٹی ٹیوٹ اور والڈ سٹی کے اشتراک سے نعتیہ مشاعرہ
لاہور(خبر نگار)لاہور کی عظیم ثقافتی اور روحانی وراثت کی خوشی مناتے ہوئے، ہست و نیست انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل سٹڈیز اینڈ آرٹس نے والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے اشتراک سے تاریخی وزیر خان بارہ دری میں ایک شاندار نعتیہ مشاعرہ کامیابی سے منعقد کیا۔ وزیر خان بارہ دری سال 2023 میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو گورنمنٹ آف پنجاب کی جانب سے منتقل کی گئی۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اس عمارت کی مرمت و بحالی سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ اس عمارت میں ثقافتی و سیاحتی سرگرمیاں فروغ دینے میں کوشاں ہے۔ اسی سلسلے کی پہلی تقریب گزشتہ روز نعتیہ مشاعرہ کی صورت میں منعقد کی گئی۔ اس معزز تقریب نے معروف شعرا، دانشوروں اور فنکاروں کو ایک جگہ جمع کیا، جس سے شام کے روحانی ماحول کو مزید تقویت ملی مشاعرہ کا آغاز سید مبارک رضا کی روح پرور اور دل کو چھو لینے والی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ تقریب کی صدارت کے فرائض کنور اعجاز راجہ نے انجام دیے، جبکہ حسنین مظہری نے مشاعرہ کی میزبانی کی اور اپنے شائستہ اور مؤثر انداز میں تقریب کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایااس مشاعرے میں معروف شعرا نے اپنے کلام پیش کئے جن میں ضیا ء بلتستانی، احسان علی حیدر، نصیر احمد، عبدالرزاق ایزد، ڈاکٹر شاہد اشرف، حمیدہ شاہین، واجد میر، اور سعود عثمانی شامل تھے۔
ان سب نے اپنے اپنے کلام کے ذریعے نبی پاکؐ کی شان میں عقیدت و محبت کے جذبات کو اشعار کی صورت میں پیش کیا۔