بھارت اب آزاد کشمیر کی طرف دیکھ رہا ہے، مشعال ملک
اسلام آباد(این این آئی)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنا دیا اب آزاد کشمیر کی طرف دیکھ رہا ہے،پوری دنیا میں کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے، اپنی ہی زمین پر کشمیریوں کو پناہ گزین بنا دیا گیا، 50 لاکھ بھارتیوں کو ڈومیسائل دئیے گئے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مضحکہ خیز انتخابات کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ 15 اگست 2019 کو بھارت نے کوئی زمینی حملہ نہیں کیا بلکہ صدارتی آرڈر پاس کیا، ایک فیصلے سے 370 کے آرٹیکل کو ختم کر دیا، اپنی ہی زمین پر کشمیریوں کو پناہ گزین بنا دیا گیا 50 لاکھ بھارتیوں کو ڈومیسائل دئیے گئے، اس الیکشن کے اندر بھارت دنیا کو دکھا رہا ہے کہ بہت بڑا ووٹر ٹرن آؤٹ ہے، یہ تمام گھوسٹ ووٹر ہیں، کشمیری زمین کو بھارتی زمین کا حصہ بنایا گیا،کشمیر میں ہندوؤں کو زمین دی گئی بھارتی فوجی کشمیریوں کا ریپ کریں، ماریں یا قتل کر دیں، ان کو کبھی کوئی کچھ نہیں کہتا، بھا ہماری حریت قیادت کو جیلوں میں بند کر دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں کرائے گئے اس الیکشن میں تمام ووٹرز بھارتی ہیں، اسلام آباد بار کی جانب سے ایک قرارداد آنی چاہئے جس میں ہم ان انتخابات کو مسترد کریں۔ہمیں یکجا ہو کر آواز اٹھانی ہے کہ بھارت اپنے منصوبوں سے باز آئے، ہمیں ایک اور جناح چاہئے جو کشمیریوں کے حق کی آواز بن کر سامنے آئے ہمیں بین الاقوامی قوانین کے ایکسپرٹ چاہئیں، غزہ اور فلسطین میں جو ہو رہا ہے اس کے لئے بھی ہمیں آواز اٹھانی ہے، لبنان میں بھی حملے شروع ہو چکے ہیں، اس تمام صورتحال پر اقوام متحدہ بھی خاموش ہے۔
مشعال ملک