مستونگ سے گوادر تک آپریشن کر سکتے ہیں لیکن عوام کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتے: سرفراز بگٹی
کوئٹہ (این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملٹری آپریشنز کی ضرورت نہیں‘بلوچستان میں سوات طرز پر انخلاء کر کے مستونگ سے گوادر تک آپریشن کیا جاسکتا ہے لیکن عام عوام کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتے،جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے معصوم شہریوں کو ورغلایا جاتا ہے، ریاست باربار ماں کا کردار ادا کررہی ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بلوچ بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہماری بچیوں کو صرف ڈالر کی خاطر جنگ کے ایندھن میں دھکیلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا پنجگور کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے سوال کیا کہ پنجابیوں کو مار کر کیسے بلوچستان آزاد کیا جاسکتا ہے؟وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنا افسوسناک ہے، ریاست بار بار ماں کا کردار ادا کررہی ہے، بلوچستان کے حقوق کی بات آئین میں واضح ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جائے اور مجبور نہ کیا جائے کہ ہم وہ کام شروع کردیں جس سے عام شہریوں کا نقصان ہو۔ انہوں نے کہا ہم ہمیشہ سے بلوچستان میں فوجی آپریشنز کی مخالفت کرتے آئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کو ختم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت عام بلوچ اور نوجوانوں کو گلے لگائے گی جبکہ جنہوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں ان کے ساتھ انہی کی طرح نمٹیں گے، مخلوط حکومت، بلوچستان کے معروضی اور بیورکریسی کے حالات میں رہتے ہوئے اس طرح کام نہیں کر پا رہا جیسے کرنا چاہتا تھا تاہم ہم سمت کا تعین کر رہے ہیں،پنجگور کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے دہشتگرد پہلے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے تھے جب وہاں پسپائی ملی تو میڈیا میں خود کو زندہ رکھنے کے لئے اب وہ سافٹ ٹارگٹ معصوم مزدوروں پر حملے کر رہے ہیں، ہم جذبات نہیں حکمت اور طریقے سے جنگ لڑیں گے جس کے نتائج جلد نظر آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں گرفتار خاتون خود کش بمبار عدیلہ بلوچ اور ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عدیلہ بلوچ کو وزیراعلیٰ ہاؤس بلا کر انہیں نئی زندگی کی مبارکباد پیش کی ہے قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہماری بچیوں کو اپنی جان ضائع کرنے اور لوگوں کی قتل وغارت کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔
سرفراز بگٹی