ڈینگی روک تھام‘ کمشنر پشاور کا از خود میدان میں نکلنے کا اعلان
پشاور(سٹی رپورٹر) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا ازخود میدان میں نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ڈینگی ایکشن پلان 2024 پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے 72 گھنٹوں میں نتیجہ خیز اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تین اوقات میں اینٹی ڈینگی اسپرے سمیت دیگر اقدامات اُٹھانے کی ہدایات جاری کی ہے۔ انہوں نے ڈینگی مریضوں کے علاج کے لیے ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ بیڈز مختص کئے جانے کے علاوہ عوامی آگاہی مہم میں تیزی لانے کیلئے حُجرون و مساجد کا استعمال کرنے کی بھی ہدایت کہ ہے۔ کمشنر پشاور نے بتایا کہ کل سے خود فیلڈ میں کاروائیوں کا آغاز کرونگا۔ کسی بھی غفلت کی صورت میں سخت تادیبی کاروائی کروں گا۔ انہوں نے بعض علاقوں میں ڈینگی مریضوں کو علاج کے برعکس آنٹی بایوٹکس ادویات دیکر مریضوں کی حالت مزید خراب کرنے پر کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں عطائی ڈاکٹروں کا مکمل صفایا کرنے کے احکامات جاری کئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ اجلاس کے اختتام کے فوری بعد تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں اجلاس کا انعقاد کرکے ڈینگی ایکشن پلان کے تحت عملی اقدامات کو مزید تیز کئے جائیں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے باہمی رابطے مزید مضبوط اور موثر بنائیں جائیں۔ اس سلسلے میں یومیہ رپورٹ کمشنر پشاور ڈویژن آفس کو ارسال کئے جائیں۔