شیروں نے کینگرو پیٹ ڈالے۔۔۔ ابو ظہبی میں آسٹریلیا کو پاکستان سے 7وکٹوں کی تار یخی شکست
ابو ظہبی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو آسانی سے سات وکٹوں شکست دیدی اور سیریز ایک ایک سے برابر کردی ۔ اس سیریز کا فیصلہ کن میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا پاکستان کی طرف سے ناصر جمشید، سعید اجمل اور اظہر علی نے سب سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔آسٹریلیا نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 249 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا آغاز کیا اور چوالیسویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ اوپنرناصر جمشید نے اس گراﺅنڈ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 98 گیندوں پر 97 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ دوسرے نمبر پر آنے والے بلے باز اظہر علی بھی دوسرے نمبر پر ٹاپ سکورر رہے۔ اس سے پہلے سعید اجمل نے 32رنز دے کر آسٹریلیا کے چار کھلاڑی پویلین واپس بھیجے۔ ان تینوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھی۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن آسٹریلیوی اوپنر اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور اوپنر ویڈ صرف 8 کے مجموعی سکور پر سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مائیکل کلارک نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ 66 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم ڈیوڈ وارنر کپتان کا زیادہ دیر ساتھ نبھانے میں ناکام رہے اور 74 کے مجموعی سکور پر 24 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ گرنے کے بعد مائیکل کلارک بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور مجموعی سکور میں صرف 12 رنز کے اضافے کے بعد ہی 86 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ کی گیند پر37 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ مائیکل کلارک کے بعد آنے والے نئے کھلاڑی ڈیوڈ ہسی مجموعی سکور میں صرف ایک سکور کے اضافے کے بعد ہی بغیر کوئی سکور بنائے سعید اجمل کی گیند پر آﺅٹ ہو گئے۔ اس موقع پر آسٹریلوی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آئی اور اندازہ کیا جا رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم بڑا سکور بنانے میں ناکام ہو جائے گی لیکن مائیک ہسی نے بیلے کے ساتھ 66 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اچھا مجموعی سکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا، مائیک ہسی نے72 گیندوں پر 61 رنز بنائے ۔ بیلے بھی ان کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور 39 رنز بنا کر 153 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے میچ میں شاندر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میکس ویل نے اس میچ میں بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مائیک ہسی کے ساتھ 58 رنز کی شراکت داری قائم کی اور مجموعی سکور کو 211 تک پہنچا دیا جہاں مائیک ہسی کی اننگز کا اختتام ہو گیا۔ مائیک ہسی نے 61 رنز بنائے۔ مائیک ہسی کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کوئی بھی بلے باز پاکستانی باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے تاہم آسٹریلوی ٹیم 50 اوورز میں 248 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی طرف سعید اجمل نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قومی ٹیم کی جانب سے دوسرے کامیاب باﺅلر جنید خان رہے جنہوں نے 52 رنز دیئے اور تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے مصبا ح الحق 35،ناصر جمشید 97،اظہر علی59 جبکہ محمد حفیظ نے 23 رنز بنائے ۔ پاکستان اس گراﺅنڈ پر پہلی بار فتح حاصل کی ہے۔