پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے ایشو پر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہیں :تحریک انصاف

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے ایشو پر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہیں ...

  

لاہور(وقائع نگار) تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی و اتحادی اور ن لیگ نئے صوبوں کے قیام کے ایشو پر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں جو نفرتوں کا بیج بو کر بنیادی مسائل سے لاتعلقی اور ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچا رہے ہیں تحریک انصاف انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام مناسب و آئینی طریقہ کار سے ہونا چاہیے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ عام انتخابات میں چند ماہ باقی رہ جانے پر اس ایشو کو چھیڑ کر سیاسی جماعتیں عوام میں نفرت پیدا کررہی ہیں تحریک انصاف اقتدار میں آکر انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنائے گی۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے نئے صوبوں کے قیام کا واویلہ کررہی ہیں جبکہ عوامی بنیادی مسائل سے بے خبری لمحہ فکریہ ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما مسرت چیمہ نے کہا کہ انتظامی امور میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لئے نئے صوبوں کے قیام کی بجائے ڈویژنز کا قیام ضروری ہے جنوبی پنجاب سرائیکی اور بہاولپور کو نئے صوبوں کا نام دے کر حکومت شہریوں کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما سلونی بخاری نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام لاسانیت کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے جبکہ نئے صوبے بننے سے عوامی مسائل کا خاتمہ اور گڈ گورننس ہوگی۔ تحریک انصاف کے رہنما میاں علی رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ عوام کو بے وقوف بناتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام پر قوم کے ساتھ ڈرامہ کررہی ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ دونوں سیاسی پارٹیاں نئے صوبوں کے قیام پر پوائنٹ سکورننگ کررہی ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -