علامہ اقبال ایئرپورٹ، بارش کے باعث لینڈنگ کے دوران طیارہ پھسل گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر بارش کے کھڑے پانی کے باعث قومی ائیر لائن کی پرواز لینڈ نگ کے دوران پھسل گئی اور طیارے کے دو وہیل ٹوٹ گئے مگر قدرتی طور پر طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیااورقومی ائیر لائن کا عملہ سمیت تمام مسافر محفوظ رہے۔اس دوران طیارے حادثے کے باعث پروازوں کی آمدورفت کے لئے مرکزی رن وے بند کردیا گیااور دوسرا رن وے کھولا گیا جہاں سے پروازوں کی آمدورفت کو بحال رکھنے کی کوشش کی گئی تاہم اس کے باوجو د متعد د پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بتایا گیا کہ اسلام آباد سے لاہورآنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز PK653 میں 42مسافر اور عملے کے 4ارکان سوار تھے ۔مذکورہ پرواز جمعہ کی شام کو لاہور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر لینڈ نگ کے دوران رن وے پر کھڑے بارش کے پانی میں پھسل گئی اورکچے راستے پر چلی گئی ۔جس کے باعث طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا اور سول ایوی ایشن حکام نے ہنگامی بنیادوں ائیرپورٹ کے اس رن وے کو طیاروں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا اور کئی پروازوں کو لاہور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ کی بجائے دوسرے شہروں کے ائیرپورٹ پر اتارا گیا ۔اور عارضی طور پر دوسرے رن وے کو پروازوں کی آمدورفت کے لئے کھولا گیا تاہم پھر بھی پروازوں کی آمدورفت کا شیڈول متاثر ہوگیا ۔جدہ سے لاہورآنے والی پرواز pk718،دبئی سے لاہور آنے والی پروازpk204،اسلام آباد سے لاہور آنے والی پرواز pk391سمیت متعد د اندرون اور بیرون ملک کی پروازیں کئی کئی گھٹنے تاخیر کا شکار ہوئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثناءپی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ پائلٹ نے تمام صورتحال پر قابو پاتے ہوئے طیارے کو روک لیا ہے تاہم طیارے کے مین گئیر کو نقصان پہنچا ہے۔ تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔اور بسوں کے زریعے لاﺅنج میں منتقل کردیا گیا ہے طیارے کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ۔اور اس ضمن میں ایک انکوائری بورڈ اس حادثے کی تحقیقات کرے گی۔ دوسری جانب اس حادثے کی تحقیقات کے لئے سول ایوی ایشن کی ٹیم کو کراچی سے طلب کرلیا گیا ہے ۔جو واقعہ کی تحقیقا ت کرکے وزارت دفاع کو رپورٹ ارسال کرے گی۔