پاک بھارت مذاکرات،بھارتی وزیر خارجہ 7 ستمبر سے اسلام آباد کا دورہ کرینگے

پاک بھارت مذاکرات،بھارتی وزیر خارجہ 7 ستمبر سے اسلام آباد کا دورہ کرینگے

  

اسلام آباد (اے پی اے ) بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا اپنی پاکستانی ہم منصب سے مذاکرات کے لیے سات ستمبر سے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔جمعہ کو پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرائے خارجہ سطح کے مذاکرات کا آغاز آٹھ ستمبر کو ہو گا۔ ان مذاکرات سے ایک روز قبل پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کی بات چیت ہو گی۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ آٹھ ستمبر کو پاک بھارت مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔تہران میں غیر جانبدار تحریک ’نام‘ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر جمعرات کو صدر آصف علی زرداری اور بھار تی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے کے عزم کو دہرایا گیا تھا۔مبصرین کا خیال ہے کہ حالات اگر اسی سمت میں آگے بڑھتے رہے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ ستمبر میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ پاکستان کا مجوزہ دورہ بھی کریں گے جس کی صدر آصف علی زرداری نے انھیں دعوت دے رکھی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -