ریلوے لوکو شیڈ ملازمین کا سکیل اپ گریڈ نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور(سٹاف رپورٹر) ریلوے لوکو شیڈ ملازمین کا سکیل اپ گریڈ نہ کرنے اور الاﺅنس میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہر ہ انجن شیڈ کے اندر کیا گیا احتجاجی مظاہرے میںملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جنہوں نے ہاتھوں میں کتبے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر ریلوے ملازمین کے مطالبات درج تھے ۔ ملازمین نے احتجاج کے دوران عوامی ایکسپریس اور جعفر ایکسپریس کا انجن روک لیا اور اسے انجن شیڈ سے ریلوے اسٹیشن کی طرف جانے نہیں دیا گیا تاہم ریلوے افسروں کی مداخلت اور مذاکرات کے بعدملازمین نے ٹرینوں کے انجن کو لوکو شیڈ سے نکلنے دیا اور ٹرینیں روانہ ہوسکیں۔تفصیلات کے مطابق ریلوے ملازمین کو مالی بحران کے پیش نظر گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے ٹی اے اور ڈی اے کی مد میں کوئی الاﺅنس نہیں دیا جارہا اور نہ ہی انکے سکیل اپ گریڈ کئے جارہے ہیں جس پر ریلوے ملازمین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور ریل مزدور اتحاد کے زیراہتمام مظاہرے کئے جارہے ہیں گزشتہ روز بھی انجن (لوکو)شیڈ میں احتجاج کیا گیا اور ٹرینوں کے انجن روک لئے گئے تاہم اس معاملے کو حل کرنے کے لئے چیف مکینکل انجینئر لوکو مبین احمد موقع پر پہنچ گئے اور ملازمین کو یقین دہانی کروائی کہ ان مناسب مطالبات جلد تسلیم کرلئے جائیں گے ہمیں معلوم ہے کہ ملازمین کے مطالبات جائز ہیں مگر مالی بحران کی وجہ سے مطالبات کو تسلیم کرنے میں تاخیر ہورہی ہے لیکن جلد معاملہ حل ہوجائے گا۔