بدامنی بے راہ روی اور لادینیت کے ذمہ دار حکمران ہیں، عابد میر

بدامنی بے راہ روی اور لادینیت کے ذمہ دار حکمران ہیں، عابد میر

  

لاہور(انٹرویو:میاں اشفاق انجم،تصاویر:نصراللہ ملک)شباب ملی لاہور کے صدر عابد میر نے روزنامہ پاکستان کو خصوصی انٹرویو میں کہا 16ستمبر کو کیمپس پل پر شباب ملی لاہور50ہزار نوجوانوں کو عزم انقلاب یوتھ کنونشن کے نام سے اکٹھا کرنے جارہی ہے ۔ڈاکٹر قدیر خان ، سید منور حسن سمیت ممتاز وکلاءتاجر ،دانشور ،صحافی حضرات کی شرکت متوقع ہے۔لاہور کی تاریخ کے سب سے بڑے نوجوانوں کے اجتماع کے لاہور کی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور ملک میں بیداری کی لہر کا باعث بھی ہوگا۔پوری قوم کی نظریں نوجوانوں پر ہیں۔بے روزگاری بدامنی، بے راہ روی، لادینیت کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔لیپ ٹاپ اور انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔نوجوان اپنا حق مانگنے کے لئے میدان میں نکل آیا ہے۔شباب ملی نے لاہور کی 150یونین کونسل کے ساتھ ساتھ 26ایم پی اے اور 13ایم این اے کی نشستوں پر تنظیم سازی مکمل کرلی ہے۔16ستمبر کو تمام راستے قافلے پنجاب یونیورسٹی کیمپس پل کی طرف جائیں گے۔ہم دو ہفتے پہلے ضلعی انتظامیہ کو بتا رہے ہیں کہ وہ اہل لاہور کو تکالیف سے بچانے کے لئے متبادل راستوں کا انتظام کرے، کیمپس پل پراسٹیج اور برکت مارکیٹ کی طرف ہزاروں کی تعداد میں کرسیاں لگائیں گے۔شباب ملی کے صدر عابد میر نے بتایا 16ستمبر کو قائد انقلاب امیر جماعت اسلامی پاکستان اہم اعلان کرنے جارہے ہیں۔نوجوانوں کے عظیم اجتماع میں ہم تاجر برادری وکلاءبرادری طلبہ تنظیموں اہل قلم کے ساتھ ساتھ دانشور حضرات اور ایٹمی پاکستان کے خالق ڈاکٹر قدیر خان کو دعوت دینے جارہے ہیں۔عابد میر نے بتایا نوجوانوں کو ان کا حق دلانا ہمارا ٹارگٹ ہے ۔روزگار نوجوانوں کا حق ہے۔حکمرانوں اور سیاستدانوں نے جس طرح نوجوان نسل کو نظر انداز کیا ہے اس پر ہمیں گہری تشویش ہے اب وقت آ گیا ہے نوجوانوں کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکے گا۔نوجوانوں کی بیداری پورے امت مسلمہ کی بیداری کا باعث بنے گی۔عابد میر نے کہا لاہور سمیت پورے ملک سے اب انقلاب کے نعرے لگنا شروع ہوگئے ہیں۔موجودہ حکمرانوں کے لئے نوجوانوں کے سمندر کو روکنا ممکن نہیں ہوگا۔نوجوانوں نے پاکستان کو بچانے کے لئے صف بندی کرلی ہے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -