مسلم لیگ ن سے کمیشن میں شامل ہونے کیلئے مسلسل رابطے کر رہے ہیں، فرحت اللہ بابر

مسلم لیگ ن سے کمیشن میں شامل ہونے کیلئے مسلسل رابطے کر رہے ہیں، فرحت اللہ بابر

  

اسلام آباد (آئی این پی) پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے پارلیمانی کمیشن کے چیئرمین سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے کہا ہے کہ سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اسحاق ڈار نے کمیشن کیلئے (ن) لیگ کے سینیٹر رفیق رجوانہ کا نام خود دیا تھا‘ (ن) لیگ سے کمیشن میں شریک ہونے کیلئے مسلسل رابطے کررہے ہیں‘ کمیشن کو کسی نے کام کرنے سے نہیں روکا‘ اب کمیشن کی دوبارہ تشکیل نہیں ہوسکتی‘ سپریم کورٹ میں کمیشن کیخلاف اگر کوئی رٹ ہوئی ہے تو سپریم کورٹ کو کون روک سکتا ہے۔ وہ جمعہ کو پارلیمینٹ ہاﺅس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ فرحت اﷲ بابر نے (ن) لیگ کی طرف سے کمیشن کیلئے اپنے نامزد ارکان کے حوالے سے تحفظات بارے سوال پر کہا کہ سینیٹر اسحاق ڈار سے جب سینٹ سے (ن) لیگ کی نمائندگی کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خود کمیشن کیلئے سینیٹر رفیق رجوانہ کا نام دیا تھا مگر اب وہ خود اس بات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو کمیشن میں شریک کرنے کیلئے بار بار ان سے رابطے کررہے ہیں حتیٰ کہ وقت کی کمی کی وجہ سے ان کو موبائل پر ٹیکسٹ میسج بھی بھیجے گئے ہیں۔ فرحت اﷲ بابر سے جب جمعہ کو بلائے گئے اجلاس کو ملتوی کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کمیشن کے چند ارکان اپنی مصروفیات کی وجہ سے نہیں آسکے اس وجہ سے اجلاس ملتوی کرنا پڑا تاہم آئندہ ہفتہ کے دوران کمیشن کے اجلاس روزانہ ہونگے تاکہ ہم اپنی مقررہ مدت کے دوران کام مکمل کرسکیں۔

مزید :

صفحہ اول -