وفات پانے والے کے گولڈ میڈلسٹ کارکنوں کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی

وفات پانے والے کے گولڈ میڈلسٹ کارکنوں کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی

  

لاہور (جنرل رپورٹر) نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام اگست کے مہینے میں وفات پانے والے تحریک پاکستان کے چھ ممتاز گولڈ میڈلسٹ کارکنوں نوابذوالفقار علی خان ممدوٹ، خواجہ حبیب اللہ، بیگم امینہ غنی گھمن، محمد شفیع ملک، حاجی اسد اللہ خان اور بریگیڈیئر (ر) محمد شفیع خان کے ایصال ثواب کے لئے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے احاطے میں واقع مسجد زمان میں قرآن خوانی کی محفل منعقد ہوئی اس روحانی محفل کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ محفل قرآن خوانی میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ممتاز صحافی اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، معروف صنعتکار ملک افتخار علی مسعود علی خان، سعادت علی خان، پیر زادہ اکمل اویسی، خالد اللہ خان، ڈاکٹریعقوب ضیائ، ڈاکٹر غلام فرید، نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے سیکرٹری رفاقت ریاض سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے اس موقع پر کارکنان تحریک پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان تحریک پاکستان نے قائداعظم کی بے لوث قیادت میں قیام پاکستان کے لئے ہر طرح کی قربانی دی۔ نواب ذوالفقار علی خان ممدوٹ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن تھے، ممدوٹ خاندان نے قیام پاکستان کے لئے بہت زیادہ قربانیاں دیں اور 65 دیہاتوں پر مشتمل اپنی جاگیر بھارت ہی میں چھوڑ کر پاکستان آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ حبیب اللہ کا شمار بھی تحریک پاکستان کے سرگرم کارکنوں میں ہوتا ہے۔ آپ کے والد مسلم لیگ کے بانیوں میں سے تھے جنہیں 1906ءمیں ڈھاکہ میں منعقدہ مسلم لیگ کے تاریخی اجلاس میں شرکت کرنے کا موقع ملا۔ محمد شفیع ملک کی خدمات کاتذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپ تحریک پاکستان میں بے لوث کارکن کی حیثیت سے شریک رہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیگم امینہ غن گھمن نے تحریک پاکستان کے دوران خواتین کی بیداری کے لئے بہت زیادہ کام کیا۔ آپ نے قیام پاکستان کے دوران گمشدہ یا اغوا ہونے والی خواتین کی بازیابی کے لئے بھی انتھک جدوجہد کی۔ بریگیڈیئر (ر) محمد شفیع خان تحریک پاکستان کے مجاہدین میں تھے۔ آپ نے خضر وزارت کے خلاف تحریک سول نافرمانی میں اہم کردار ادا کیا۔ بعدازاں مشاہیر تحریک آزادی، وفات پانے والے کارکنان تحریک پاکستان کی بلندی درجات وطن عزیز کی حفاظت وسالمیت اور ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -