اپوزیشن کے مطالبے پر مستعفی نہیں ہوں گا مناسب ماحول میں پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب ہوں ، منموہن

اپوزیشن کے مطالبے پر مستعفی نہیں ہوں گا مناسب ماحول میں پاکستان کا دورہ کرنے ...

  

نئی دہلی(اے پی اے ) بھارتی وزیراعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ نے کہاہے کہ اپوزیشن کے مطالبے پرمستعفی نہیں ہوں گا، عوام نے ووٹ دے کر پانچ سال کے لئے منتخب کیا استعفیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان کادورہ کرنے کےلئے بے تاب ہوں، لیکن اس کےلئے مناسب ماحول پیداکرناہوگا، ممبئی حملوں کے ملزمان کوانصاف کے کٹہرے میں لانا پاکستان کےلئے ایک بڑی آزمائش ہے،پڑوسی ملک کو ایسے حقیقی اقدامات اٹھانا ہوں گے جس سے ہمیں یقین ہوجائے کہ وہ دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں کر رہا ہے، ایران میں غیروابستہ ممالک کی تحریک ”نام“کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد جمعہ کووطن واپسی پر اپنے خصوصی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ مجھے پاکستان کادورہ کرنے پرخوشی ہوگی اورمیں اس دورے کی دعوت پرپڑوسی ملک کامشکورہوں لیکن میں نے تہران میں ہونے والی ملاقات میں صدرآصف علی زرداری سے یہ ذکرکیاہے کہ ہمیں ایک مناسب ماحول قائم کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے اور ممبئی حملوں کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے ملزمان کوانصاف کے کٹہرے میں لانا پاکستان کےلئے ایک بڑی آزمائش ہے اور امید ہے کہ پاکستان اس حوالے سے پیشرفت دکھائے گاپڑوسی ملک کو ایسے حقیقی اقدامات اٹھانا ہوںگے جس سے ہمیں یقین ہوجائے کہ وہ ان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کررہا ہے جو پاکستانی سرزمین سے بھارت کیخلاف دہشتگردی کررہے ہیں۔ بطور وزیراعظم میں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی نبرد آزما ہوں اور کسی کی خواہش اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ دے کر پانچ سال کے لئے منتخب کیا ہے اگر استعفیٰ دینا ہوتا تو ایوان میں نہیں آتا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں وزیراعظم کے عہدے کا وقار برقرار رکھنا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -